واشنگٹن ڈی سی، 17 اپریل ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات، سینیٹر محمد اورنگزیب نے واشنگٹن ڈی سی میں ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف کے بہار اجلاسوں کے موقع پر جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کے سینئر نائب صدر، شوہی ہارا سے ملاقات کی ہے۔
وزیر خزانہ نے جائیکا کی جانب سے طویل وقفے کے بعد پاکستان کے ساتھ قرضہ جاتی سرگرمیوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا اور پنجاب کے شہر فیصل آباد میں پانی کی فراہمی کے منصوبے کو ین قرضہ پروگرام کے تحت پہلے منصوبے کے طور پر شامل کیے جانے کو سراہا۔ انہوں نے بتایا کہ گرانٹس پروگرام میں بھی اچھی پیش رفت ہو رہی ہے اور ماضی میں درپیش رکاوٹوں کو پاکستانی حکام کے ساتھ مل کر بڑی حد تک دور کر لیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ جائیکا سے پاکستان کو خالص ادائیگی (نیٹ ڈسبرسمنٹ) اب بھی منفی ہے۔ دونوں فریقین نے اس رجحان کو فعال قرضہ جاتی سرگرمیوں کی بحالی کے ذریعے تبدیل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
انہوں نے سماجی شعبے خصوصاً صحت اور تعلیم میں جاپان کے وسیع تجربے سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، اور مختلف ذرائع کے ساتھ جائیکا کی مالی معاونت کو یکجا کر کے ترقیاتی اثرات کو زیادہ سے زیادہ بنانے کے امکانات پر بھی زور دیا، جو حکومت کے وسیع تر ترقیاتی ایجنڈے سے ہم آہنگ ہیں۔
وزیر خزانہ نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (PIMS) میں افرادی قوت کی کمی اور کراچی پورٹ پر سیکیورٹی اسکینرز سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جائیکا کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی، جہاں ایک یونٹ دیکھ بھال اور اسپیئر پارٹس کی کمی کے باعث غیر فعال ہے۔
انہوں نے پاکستان کی جاری امن کوششوں میں جائیکا کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔











