انطالیہ ،18 اپریل ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب، قطر اور ترکیہ پر مشتمل اپنے تین روزہ سہ ملکی دورے مکمل کرنے کے بعد انطالیہ سے پاکستان روانہ ہو گئے۔
انطالیہ ایئرپورٹ پر ترکیہ کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل سفیر تولگا برمیک، سفیر نیلوفر کیگسیز، ترکیہ پارلیمنٹ کے رکن برہان قایاترک اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر یوسف جنید نے وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کیا۔
دورے کے دوران وزیرِ اعظم نے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کی قیادت سے ملاقاتیں کیں جبکہ انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شریک دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، خطے میں امن کے قیام اور عالمی و علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
وزیرِ اعظم کے ہمراہ وفد میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور ترجمان برائے غیر ملکی میڈیا مشرف زیدی شامل تھے۔











