اقوامِ متحدہ، 20 اپریل(اے پی پی): وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نامزد پاکستان کے یوتھ وفد نے نیویارک میں اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اقوامِ متحدہ اقتصادی و سماجی کونسل (ECOSOC) یوتھ فورم 2026 میں شرکت کی، جس کے ذریعے پاکستان نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور پائیدار ترقی کے 2030 ایجنڈے کے فروغ میں اُن کی بامعنی شمولیت کے عزم کا اعادہ کیا۔
فورم کے اعلیٰ سطحی اجلاسوں کے دوران پاکستانی مندوبین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی قیادت کو محض علامتی شمولیت تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ اسے پالیسی سازی، جدت طرازی اور ادارہ سازی کے مرکز میں جگہ دی جائے۔
قومی بیانات میں انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک کی 60 فیصد سے زائد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے،لہذا پاکستان نوجوانوں کو جامع ترقی، موسمیاتی مزاحمت اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں شراکت دار سمجھتا ہے۔ انہوں نے پائیدار ترقیاتی ہدف (صاف پانی اور نکاسیٔ آب) پر پاکستان کی توجہ کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ موسمیاتی دباؤ اور پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے آبی تحفظ نہ صرف ترقی کا ایک اہم پہلو ہے بلکہ یہ استحکام، مساوات اور پائیداری کا بھی امتحان ہے۔
پاکستانی یوتھ وفد نے وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے جاری قومی اقدامات کا بھی خاکہ پیش کیا، جن میں گرین یوتھ موومنٹ اور نیشنل والنٹیئر کور شامل ہیں،جو ماحولیاتی ذمہ داری اور کمیونٹی سطح پر موسمیاتی حل کو فروغ دیتے ہیں۔ انہوں نے نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم ورک (عمر 10 تا 29 سال) کا بھی ذکر کیا، جو نیشنل یوتھ کونسل کی قیادت میں مشاورت کے ذریعے تیار کیا گیا، جبکہ شواہد پر مبنی منصوبہ بندی کے لیے ڈیجیٹل یوتھ ہب کی معاونت کو بھی نمایاں کیا۔
اپنی تقاریر میں مندوبین نے زور دیا کہ پانی اور صفائی کے شعبے میں پیش رفت ایک معاون عالمی ماحول اور مشترکہ آبی وسائل کے ذمہ دارانہ انتظام پر بھی منحصر ہے۔ انہوں نے تین ترجیحات کی نشاندہی کی: مشترکہ آبی وسائل پر مساوات اور باہمی فائدے کی بنیاد پر تعاون کو مضبوط بنانا؛ پانی کے تحفظ، صفائی اور موسمیاتی موافقت میں نوجوانوں کی قیادت میں جدت طرازی میں سرمایہ کاری؛ اور علاقائی شراکت داریوں کو فروغ دینا تاکہ پانی پائیدار ترقی اور امن کا ذریعہ بن سکے۔
مندوبین نے تعلیم، روزگار، سماجی شمولیت اور ماحولیات کے ذریعے نوجوانوں کے لیے مواقع میں اضافے کے قومی اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 7 لاکھ 20 ہزار نوجوانوں کو ہنر کی تربیت دی گئی، 6 لاکھ سے زائد لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے،اور 5 لاکھ 35 ہزار سے زائد افراد کو کاروباری اور زرعی قرضوں تک رسائی فراہم کی گئی۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ ECOSOC یوتھ فورم 2026 میں پاکستانی یوتھ وفد کی شرکت نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور عالمی ترقیاتی مباحث میں اُن کی بامعنی شمولیت کو یقینی بنانے کے قومی عزم کی عکاس ہے، جبکہ ملک میں اور بین الاقوامی سطح پر پائیدار ترقی کے لیے نوجوانوں کی قیادت میں حل کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی وفد میں امسال زمان (ڈپٹی ڈائریکٹر، PMYP ) بسمہ قمر (رکن، نیشنل یوتھ کونسل – امریکہ چیپٹر)، فخر جبران (رکن، نیشنل یوتھ کونسل – آزاد جموں و کشمیر چیپٹر)، فساحت الحسن (کوارڈینیٹر برائے چیئرمین PMYP برائے OIC ) اور رحیم ستار (یوتھ ڈیلیگیٹ، شکاگو) شامل تھے۔











