راولپنڈی، 20 اپریل (اے پی پی ): پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان انسداد دہشتگردی آپریشنز پر مرکوز مشترکہ مشق “تھنڈر-II” چراٹ، پاکستان میں کامیابی سے مکمل ہو گئی۔
دو ہفتے طویل اس مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے انسداد دہشتگردی آپریشنز سے متعلق ڈرلز، طریقہ کار اور تکنیک کو بہتر بنا کر دونوں افواج کے درمیان انٹرآپریبلٹی کو بڑھانا تھا۔
مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) اور مصری اسپیشل فورسز کی کامبیٹ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ دونوں ممالک کے دستوں نے پوری مشق کے دوران غیر معمولی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔
اسپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ کمانڈر مصری پیراٹروپرز میجر جنرل محمد سعد عبدالرزاق اور مصر کے دفاعی اتاشی نے بھی تقریب کا مشاہدہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ اور تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔











