پاکستان امن، مذاکرات اور استحکام کی ایک مضبوط آواز بن کر ابھر رہا ہے، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

18

پشاور، 23اپریل (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان امن، مذاکرات اور استحکام کی ایک مضبوط آواز بن کر ابھر رہا ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک ذمہ دار، متوازن اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے، قومیں نوجوانوں کی محنت، وژن اور کردار سے بنتی ہیں۔

 انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز  پشاور میں وزیراعظم لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ سائنسز پشاور میں اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک نمایاں اور قابلِ فخر ادارہ ہے جو معیاری تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب محض ایک رسمی تقریب نہیں بلکہ نوجوان نسل کو بااختیار بنانے، انہیں جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کی ایک عملی کوشش ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ایک ایسا پاکستان ہے جو علم، تحقیق، ڈیجیٹل ترقی اور معاشی استحکام کی راہ پر گامزن ہو۔ آج یہ لیپ ٹاپ پروگرام اسی وژن کا تسلسل ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنا ہے۔