وزیراعظم سے پاکستانی خلا بازوں کی ملاقات، خلائی مشن کو قوم کیلئے اہم سنگ میل قرار

17

اسلام آباد، 23 اپریل (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے انسانی خلائی مشن پر جانے والے پاکستانی خلا باز، خرم داؤد اور محمد ذیشان علی نے ملاقات کی۔

ملاقات کے موقع پر سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔ نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان اور چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ بھی شریک تھے۔

وزیرِ اعظم نے خلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک اہم سنگ میل اور پوری قوم کیلئے قابل فخر امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پر اعتماد ہوں کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب لکھنے جا رہے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ چینی توسط سے آپ کا یہ سفر دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات میں نئی جہتوں کا اضافہ کرے گا۔

چینی سفیر سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ خلائی تحقیق میں پاکستان اور چین کے تعاون سے دونوں ممالک کی دوستی آسمان کی بلندیوں کو چھوتے ہوئے ستاروں پر کمند ڈالنے کیلئے تیار ہے۔

چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کی گفتگو کا خیر مقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے خلائی تحقیق میں تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔

خلا بازوں نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کیلئے خلاء میں تحقیق کے فرائض سر انجام دینا باعث عزت اور منفرد اعزاز ہے اور وہ محنت اور لگن سے قوم کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔