راولپنڈی، 24 اپریل (اے پی پی):21 اپریل 2026 کو ضلع خیبر میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے اور فورسز کی مہارت سے بھرپور کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ زندہ گرفتار ہونے کے خوف سے بزدل خوارج نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک دس سالہ معصوم بچہ شہید ہو گیا۔ہلاک ہونے والے بھارتی حمایت یافتہ خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دیگر خارجی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ “عزم استحکام” ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف مہم بھرپور انداز میں جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے معصوم شہریوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔











