لاہور، 24 اپریل(اے پی پی): صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیر صدارت چیف منسٹر مائنارٹی کارڈ اسکیم سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسکیم کے مختلف مراحل اور پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیز I، II اور III کی کارکردگی کا سختی سے جائزہ لیا گیا جبکہ بائیومیٹرک ویری فکیشن سسٹم کو مزید مؤثر اور فول پروف بنانے پر زور دیا گیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ مستحق افراد تک سہولیات کی شفاف اور بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ اجلاس میں سیکرٹری ہیومن رائٹس اینڈ مائنارٹی افیئرز ڈاکٹر عثمان علی، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور بینک آف پنجاب کے نمائندگان نے بھی شرکت کی اور مختلف امور پر بریفنگ دی۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کا مقصد اقلیتی برادری کو بااختیار بنانا اور انہیں فوری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسکیم میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شفافیت اور میرٹ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا جبکہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔











