چانگشا ، 26 اپریل ( اے پی پی): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبے حنان کے شہر چانگشا میں سانی ہیوی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور دیا۔
سانی گروپ کے چیئرمین تانگ شیوگو نے صدر مملکت کو کمپنی کے جدید مینوفیکچرنگ نظام، مصنوعات اور تحقیق و ترقی میں جاری سرمایہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر چانگشا کی نائب میئر چیان لیکسیا بھی موجود تھیں۔
دورے کے دوران صدر مملکت کو کمپنی کی آپریشنل کارکردگی، مالی استحکام اور جدید صنعتی طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق کمپنی کی سال 2024 کی آپریٹنگ آمدن 11.27 ارب ڈالر رہی جبکہ مصنوعات کی جدت، تحقیق و ترقی میں مسلسل سرمایہ کاری جاری ہے۔
صدر مملکت نے کمپنی کی فلیگ شپ فیکٹری کا بھی دورہ کیا جسے ڈیجیٹل طور پر مربوط مینوفیکچرنگ، جدید آٹومیشن اور ڈیٹا پر مبنی پیداواری نظام کے باعث نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ انہوں نے ٹیکنالوجی کے وسیع انضمام، صنعتی پیداوار کی بہتری اور کارکردگی میں اضافے کے لیے سانی گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔
صدر آصف علی زرداری نے صنعتی ٹیکنالوجی، مہارتوں کی ترقی اور مشترکہ منصوبوں میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مشترکہ منصوبے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سانی گروپ کے چیئرمین تانگ شیوگو نے بھی پاکستان کے ساتھ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور صلاحیت سازی میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کمپنی کے جدت، ڈیجیٹلائزیشن اور بین الاقوامی شراکت داری کے عزم کو اجاگر کیا۔
صدر مملکت کے ہمراہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیدونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔











