چانگشا،27اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نےپروفیسر پان شیانگ بن کو پاکستان میں امراض قلب کیلئے ان کی خدمات پر ستارۂ پاکستان عطا ء کیا۔پیرکو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے پیر کو یہاں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں پروفیسر پان شیانگ بن کو امراضِ قلب کے علاج اور پاکستان میں مریضوں کی خدمت کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں ستارۂ پاکستان عطا ء کیا۔پروفیسر پان شیانگ بن ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ کارڈیالوجسٹ اور کارڈیک سرجن ہیں۔ وہ فیووئی ہسپتال کے نائب صدر،چائینز اکیڈمی آف میڈیکل سائینسز سے وابستہ ہیں جبکہ سٹرکچرل ہارٹ ڈیزیز کے قومی و بین الاقوامی کوالٹی کنٹرول سینٹر کے ڈائریکٹر بھی ہیں۔وہ عالمی شہرت یافتہ ماہر ہیں اور جدید تشخیصی و علاجی ٹیکنالوجی کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔ ان کے نام کئی عالمی سطح کی ایجادات اور پیٹنٹ شدہ طبی حل موجود ہیں جن میں الٹراساؤنڈ کی رہنمائی میں ایسے طریقہ علاج شامل ہیں جن کے ذریعے بغیر سرجری، بغیر تابکاری اثرات اور بغیر جنرل اینستھیزیا علاج ممکن بنایا گیا۔ پروفیسر پان شیانگ بن نے جنوری 2025 میں پاکستان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پیدائشی دل کے امراض میں مبتلا بچوں کے جان بچانے والے کامیاب علاج کئے جبکہ پاکستانی طبی ماہرین کو جدید انٹرنیشنل تکنیکوں کی خصوصی تربیت بھی فراہم کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری جو چین کے پانچ روزہ دورے پر ہیں، نے کہا کہ ان خدمات سے پاکستان کے شعبہ صحت کی استعداد میں اضافہ ہوا ہے اور یہ پاکستان چین تعاون کے عملی ثمرات کی عکاسی کرتی ہیں۔اس پروقار تقریب میں سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے لئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے بھی شرکت کی۔











