ملتان ڈویژن میں بیوٹیفکیشن منصوبوں پر تیزی، اربوں روپے کی سکیموں کا جائزہ، مقررہ مدت میں تکمیل کی ہدایت

15

ملتان 28 اپریل (اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت ڈویژن بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران نے شرکت کی اور جاری سکیموں پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبے نہ صرف شہری حسن میں اضافہ کریں گے بلکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے جبکہ معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خانیوال، میاں چنوں اور جہانیاں میں تین بڑے ماڈل بازار منصوبے 933 ملین روپے کی لاگت سے زیر تکمیل ہیں۔ جہانیاں میں ماڈل اللہ داد بازار منصوبہ 140 ملین روپے سے جاری ہے جو 50 فیصد مکمل ہو چکا ہے، جبکہ میاں چنوں میں پیڈیسٹرین ماڈل بازار 146 ملین روپے کی لاگت سے 20 فیصد اور خانیوال میں پیڈیسٹرین ماڈل بازار 647 ملین روپے سے 18 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق خانیوال ماڈل بازار میں 299 دکانیں، 742 میٹر طویل ایریا اور 200 گاڑیوں کی پارکنگ شامل ہے جبکہ جہانیاں ماڈل بازار میں 130 دکانیں اور 50 گاڑیوں کی پارکنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ میاں چنوں ماڈل بازار میں 155 دکانیں، 965 فٹ لمبائی اور 100 گاڑیوں کی پارکنگ شامل ہوگی۔

لودھراں میں مین بازار ریلوے چوک بیوٹیفکیشن منصوبہ 84 ملین روپے کی لاگت سے جاری ہے جو 35 فیصد مکمل ہو چکا ہے اور اس کی تکمیل کی تاریخ 30 جون 2026 مقرر کی گئی ہے۔

ملتان میں برانڈ روڈ کی 0.61 کلومیٹر اپ گریڈیشن 360 ملین روپے سے جاری ہے جبکہ گھنٹہ گھر تا حسین آگاہی بازار بیوٹیفکیشن منصوبے کے لیے 658 ملین روپے سے زائد فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔ مزید برآں گھنٹہ گھر تا موٹر سائیکل مارکیٹ اور گھنٹہ گھر تا مسجد ولی محمد تک مختلف منصوبے بھی مرحلہ وار مکمل کیے جائیں گے۔

وہاڑی میں ریل بازار اور گول چوک بیوٹیفکیشن منصوبہ 150 ملین روپے سے جاری ہے جو 50 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ ان منصوبوں کے تحت سڑکوں کی بحالی، فٹ پاتھ، پارکنگ، لائٹنگ اور دیگر شہری سہولیات کی بہتری شامل ہے، جس سے عوام کو نمایاں ریلیف ملنے کی توقع ہے۔