اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کے سینئر حکام اور ممتاز یورپی کمپنیوں کے کاروباری نمائندوں کے وفد نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ڈائریکٹر ایشیا پیسفک، پیٹرس اسٹبس کر رہے تھے۔
وفد میں یورپین انویسٹمنٹ بینک کی ڈائریکٹر انٹرنیشنل پارٹنرز تھوریا تریکی، ایڈیڈاز کے نائب صدر مینیول پاؤزر، ایندراتز کے نائب صدر کارل شلوگل باؤر، آئیکیا کے ریجنل ڈائریکٹر ڈائیٹر میٹکے شامل تھے جبکہ پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر ریمنڈس کیروبلس بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے یورپی یونین کے وفد کا خیرمقدم کیا اور یورپی یونین پاکستان بزنس فورم میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور پاکستانی برآمدات کے لیے سب سے بڑی منڈی ہے۔ وزیراعظم نے بزنس فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید فروغ ملے گا۔
وزیراعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت یورپی یونین کے ساتھ اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے سنجیدہ اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی چیلنجوں اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت معیشت کے استحکام کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا کے ساتھ حالیہ ٹیلی فونک رابطوں کا بھی ذکر کیا جن میں علاقائی سلامتی اور باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی یونین کے وفد نے خطے میں امن کے لیے وزیراعظم کے کردار کو سراہا اور بزنس فورم کے انعقاد میں حکومتی تعاون کی تعریف کی۔ وفد کے اراکین نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ توانائی، مواصلات اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں کاروباری تعلقات کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاونین خصوصی سید طارق فاطمی اور ہارون اختر خان سمیت دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔











