ملتان میں صفائی آپریشن تیز، ڈپٹی کمشنر کا اچانک دورہ، ناقص کارکردگی پر سخت کارروائی کا عندیہ

13

ملتان ، 28 اپریل(اے پی پی): ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور صفائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے “ستھرا پنجاب پروگرام” کے تحت جاری صفائی آپریشنز پر متعلقہ افسران سے بریفنگ لی اور فیلڈ میں جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ شہر میں مثالی صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے فیلڈ سٹاف کو کارکردگی بہتر بنانے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے واضح کیا کہ صفائی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ناقص کارکردگی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تاجر برادری کے تعاون سے شہر کے مختلف مقامات پر نئے ڈسٹ بن اور کنٹینرز نصب کیے جائیں تاکہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔