یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ معاشی تعلقات قائم ہیں، سفیر رائمونڈاس کاروبولس

6

اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی):  پاکستان میں یورپی یونین کے سفیر رائمونڈاس کاروبولس نے کہا ہے کہ یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور دیرینہ معاشی تعلقات قائم ہیں اور یورپی یونین پاکستان کی برآمدات کے لیے ایک بڑی اور اہم منڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں منعقدہ یورپی یونین۔پاکستان بزنس فورم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔  انہوں نے کہا کہ یہ فورم دونوں فریقین کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ایک اہم کوشش ہے، یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنے معاشی تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فورم کا مقصد صرف موجودہ تجارتی تعلقات کو اجاگر کرنا نہیں بلکہ انہیں مزید گہرا، متنوع اور پائیدار سرمایہ کاری میں تبدیل کرنا بھی ہے۔ اس کے ذریعے کاروباری روابط کو فروغ ملے گا اور نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ ایسے اقدامات سے دونوں جانب کے کاروباری اداروں کو قریب آنے اور مشترکہ ترقی کے امکانات کو عملی شکل دینے میں مدد ملے گی، جو خطے میں معاشی استحکام اور خوشحالی کے لیے بھی اہم ثابت ہوگا۔