اسلام آباد، 28 اپریل (اے پی پی ) : وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی زیر صدارت حج انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اس موقع پر سردار محمد یوسف نے کہا کہ عازمین حج کی آسائش کا مکمل خیال رکھا جائے،خدام الحجاج رہنمائی کے لیے مستعد رہیں اور شکایات کی صورت میں فوری ازالہ کریں۔ عازمین حج سعودی عرب میں قیام کے دوران قوانین کی پیروی کریں اور ملکی وقار کا خیال رکھیں۔
ڈائریکٹر مدینہ نے بریفنگ میں بتایا کہ منگل 28 اپریل تک 20 ہزار سے زائد سرکاری عازمین مدینہ منورہ پہنچے،اب تک 11 ہزار سرکای عازمین حج کو ریاض الجنہ کی زیارت مکمل کروائی گئی۔
سربراہ پاکستان حج میڈیکل مشن کرنل ڈاکٹر توقیر نے کہا کہ مدینہ منورہ میں ایک ہسپتال اور تین ڈسپنسریاں کام کر رہی ہیں، مکہ مکرمہ میں عازمین حج کی تعداد کے مطابق اب تک 5 ڈسپنسریاں قائم کی ہیں،پاکستان سے ادویات کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں سیکرٹری مذہبی امور ابرار احمد مرزا، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری حج محمد بخش سانگی نے بریفنگ دی۔ مکہ مکرمہ سے زوم کے ذریعے چیف کوآرڈینیٹر مکہ ڈاکٹر مرزا علی محسود، کوآرڈینیٹر مکہ ذولفقار خان، حج ڈائریکٹرز مکہ و مدینہ منورہ بھی شریک ہوئے۔











