یورپی یونین ۔  پاکستان بزنس فورم، دو طرفہ معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل

7

اسلام آباد، 28اپریل  (اے پی پی ): یورپی یونین اور حکومتِ پاکستان کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت میں پہلی مرتبہ اعلیٰ سطح کا یورپی یونین۔ پاکستان بزنس فورم منگل کوشروع ہوگیا جو دو طرفہ معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے معیشت کے استحکام، ڈھانچہ جاتی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر نے صنعتی ترقی، نجی شعبے کے کردار اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

فورم کا مقصد پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی روابط کو وسعت دینا، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنا، ٹیکنالوجی شراکت داری کو فروغ دینا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جدت، پائیدار صنعتی ترقی اور جدید کاروباری رجحانات کو فروغ دینا بھی اس کے اہم اہداف میں شامل ہے۔

فورم کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے، جن میں زرعی کاروبار، ڈیجیٹل جدت، فِن ٹیک، گرین لاجسٹکس اور پائیدار ٹیکسٹائل جیسے شعبے شامل ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے یورپی اور پاکستانی کمپنیوں کے درمیان روابط کو فروغ ملے گا اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات روشن ہوں گے۔

یہ فورم کاروباری برادری کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے جہاں وہ پالیسی سازوں کے ساتھ براہ راست رابطہ قائم کر سکتے ہیں، نئے مواقع تلاش کر سکتے ہیں اور دوطرفہ معاشی تعاون کو مزید وسعت دے سکتے ہیں، جس سے طویل المدتی معاشی ترقی اور استحکام کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔