اسلام آباد، 29 اپریل (اے پی پی ): وفاقی دارالحکومت میں جاری یورپی یونین۔پاکستان بزنس فورم کےدوسرے روز کا بدھ کے روز انعقاد ہوا، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہ فورم یورپی یونین اور حکومتِ پاکستان کے تعاون سے منعقد کیا گیا، جس کا مقصد دوطرفہ معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
فورم کے دوسرے روز یورپی اور پاکستانی کاروباری رہنماؤں، سرمایہ کاروں، پالیسی ماہرین اور مالیاتی اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی اور مختلف شعبوں میں مشترکہ مواقع کا جائزہ لیا۔
اس پلیٹ فارم کا بنیادی مقصد تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا، ٹیکنالوجی شراکت داری کو بڑھانا اور صنعتی و کاروباری شعبوں میں پائیدار ترقی کے امکانات پیدا کرنا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ فورم کے ذریعے کاروباری برادری کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور باہمی تعاون کو عملی شکل دینے پر بھی توجہ دی گئی۔
فورم کے دوران زرعی کاروبار، ڈیجیٹل جدت، فِن ٹیک، گرین لاجسٹکس اور پائیدار ٹیکسٹائل جیسے اہم شعبوں میں مواقع اور چیلنجز پر گفتگو کی گئی، جبکہ بزنس ٹو بزنس روابط کے ذریعے مشترکہ منصوبوں کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی گئی۔
یہ فورم یورپی یونین اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعاون کو ایک منظم اور مؤثر سمت دینے کا ذریعہ بن رہا ہے، جس سے نہ صرف سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے بلکہ طویل المدتی معاشی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی بھی توقع ہے۔











