وفاقی وزیر مواصلات کا دورہ وزارت ریلوے، ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری اور ادارہ جاتی ہم آہنگی پر اتفاق

10

اسلام آباد، 29 اپریل  (اے پی پی) :  وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے وزارت ریلوے کا دورہ کیا جہاں وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ان کا استقبال کیا۔

وزارت ریلوے کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔  ملاقات کے دوران ریلوے اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ملکی ٹرانسپورٹ نظام کی بہتری، اصلاحات اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے پاکستان ریلوے میں جاری اصلاحاتی عمل اور انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔ دونوں وزراء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ عوام کو معیاری، محفوظ اور سہل سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

اس موقع پر ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مؤثر رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تاکہ جاری اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کیا جا سکے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عالمی تناظر میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار اور اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ مربوط حکمت عملی اور مؤثر پالیسی اقدامات کے ذریعے پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن رکھا جا سکتا ہے۔