اسلام آباد، یکم مئی( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور کورین وزیر تجارت ییو ہان-کو کے درمیان ورچوئل ملاقات ہوئی،ملاقات میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیپا پر مشاورت شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
کورین وزیر تجارت نے پاکستان کی قیادت کو خطے میں امن کے فروغ پر خراج تحسین پیش کیا۔ کورین وزیر تجارت نے پاکستان کے امریکہ-ایران تنازع میں امن کردار پر پاکستانی قیادت کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کی امن کوششیں صرف خطے نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے بہترین ہیں۔
کورین وزیر تجارت نے کہا کہ بہت ساری کورین کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں۔ کورین کمپنیاں پاکستان کو محفوظ ترین اور پُرکشش ملک سمجھتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنیوں کی مینوفیکچرنگ اور توانائی شعبوں میں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ ذمہ دار ریاست کے طور پر امن کو فروغ دیا۔ انہوں نے سیپا مذاکرات تیز کرنے اور مقررہ مدت میں معاہدہ مکمل کرنے پر زور دیا۔ جام
کمال خان نے زراعت، ٹیکسٹائل، معدنیات اور اسپورٹس گڈز میں مواقع اجاگر کیے۔
جام کمال نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا اور افریقہ کے لیے اہم تجارتی گیٹ وے بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ جام کمال خان نے کورین کمپنیوں کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام اور فعال بنانے پر بھی اتفاق ہوا۔
سیکرٹری تجارت جواد پال نے متوازن ٹیرف پالیسی پر زور دیا۔
دونوں وزراء نے پاکستان اور جنوبی کوریا کے اقتصادی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔











