اسلام آباد، 40 مئی (اے پی پی): پاکستان میں نظام تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ایک اہم اقدام کے طور پر وفاقی نظامت تعلیم نے غیر سرکاری تنظیم پلے ٹو رائٹ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔ اس اقدام کا مقصد ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں سماجی و جذباتی تعلیم کو متعارف کروانا ہے تاکہ طلبہ کی ذہنی جسمانی سماجی اور جذباتی فلاح و بہبود کو فروغ دیا جا سکے۔
پروگرام کے تحت ہر جماعت کے لیے 25 خصوصی اسباق متعارف کروائے جائیں گے جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ طریقہ کار کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ یہ اسباق پورے تعلیمی سال کے دوران طلبہ کی متوازن نشوونما کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
اس اقدام کے تحت اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے جامع تربیتی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے جن کے ذریعے اساتذہ جدید سماجی و جذباتی تدریسی طریقوں سے آراستہ ہوں گے اور ہر بچے کے لیے ایک مثبت اور معاون تعلیمی ماحول فراہم کر سکیں گے۔
پروگرام کے تحت اسکولوں کو اسپورٹس کٹس بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ کھیل کے ذریعے طلبہ میں برداشت ٹیم ورک قیادت اور خود اعتمادی جیسی صلاحیتیں فروغ پائیں۔
مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم سمیت وزارت کے اعلیٰ حکام اور پلے ٹو رائٹ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ یہ شراکت داری ملک میں تعلیم کے نظام کو جدید بنانے اور طلبہ مرکز ، جامع تعلیمی ماحول کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔











