وزیراعظم کی ہیپاٹائیٹس اور ایڈز کے خاتمے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت

9

اسلام آباد، 5 مئی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہیپاٹائیٹس اور ایڈز کے مکمل خاتمے کے لیے مریضوں کی اسکریننگ یقینی بنانے اور ملک بھر میں آٹو ڈسیبل سرنج کے استعمال کی ہدایت کر دی۔

وہ پیر کو یہاں وزارت قومی صحت کے امور کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کی صحت کے لیے بہترین خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قیمتی جان کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔انہوں نے وزارت قومی صحت کو صوبوں کے تعاون سے “وزیراعظم ہیپیٹائٹس کنٹرول پروگرام” کے نفاذ میں تیزی لانے اور بروقت رپورٹنگ کے لیے مربوط نظام تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ڈریپ کو سرنج کے دوبارہ استعمال کو مکمل روکنے کا بھی کہا۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ایڈز کے لیے 98 اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی سنٹرز قائم ہو چکے ہیں جنہیں ایک سال میں 164 تک لے جایا جائے گا۔ تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایڈز کی سکریننگ شروع ہو چکی ہے۔ وزیراعظم قومی پروگرام برائے انسداد ہیپاٹائیٹس سی کا پائلٹ جلد اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں شروع کیا جائے گا۔ ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی میں کمی آئی ہے اور حالیہ انسداد پولیو مہم میں کوریج 98 فیصد رہی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال، وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔