اسلام آباد، 05 مئی (اے پی پی ): وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب سے وزارتِ خزانہ میں انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور آئندہ بجٹ کے حوالے سے عمومی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے انشورنس کے شعبے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مشاورتی عمل میں اس کی شرکت کو سراہا۔
ملاقات میں انشورنس کے شعبے کی بہتری، بچت کے فروغ اور مالیاتی نظام کو مستحکم بنانے سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر مختلف تجاویز بھی زیرِ غور آئیں۔
وزیرِ خزانہ نے وفد کی آراء کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں سے مشاورت کے عمل کو جاری رکھے گی تاکہ معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔











