معرکۂ حق کا ایک سال مکمل،  وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام علمائے کرام و مشائخ اجلاس

23

اسلام آباد: 5 مئی 2026: معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران افواج پاکستان کی بے مثال کامیابیوں کے پیش نظر قومی سطح پر افواجِ پاکستان کی جرات و بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور قومی یکجہتی و عزم کو مزید مستحکم بنانے کی غرض سے خصوصی اجلاس علمائے کرام اور مشائخ عظام وزارت مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام منعقد کیا گیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور وبین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف صاحب کی زیر صدارت اجلاس کے شرکاء نے اس امر کا بھرپور اعادہ کیا کہ معرکۂ حق کے دوران افواجِ پاکستان نے آپریشن بنیان المرصوص کے تحت دشمن کی جارحیت کا جس جرات، حکمتِ عملی اور پیشہ ورانہ مہارت سے جواب دیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔

اسلامی جمہوریہ پاکستان نے وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور فیلڈ مارشل حافظ سید محمدعاصم منیر کی عسکری بصیرت میں جس عزم، اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ کیا، اس نے دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند کیا۔اعلامیہ میں کہا گیا کہ علمائے کرام و مشائخ عظام پوری قوم کی نمائندگی کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جاری جدوجہد میں اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔

ا نھوں نے  اس عزم کا اظہار کیا کہ اگر دشمن کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کا اعادہ کیا گیا تو پوری قوم متحد ہو کر افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی اور ملک کی خودمختاری، سالمیت اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قربانی دے گی۔

افواجِ پاکستان کی قربانیاں، شہداء کی عظیم داستانیں اور غازیوں کی جرات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ آئندہ جمعہ 8 مئی کو علماء کرام آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی اور استحکام پاکستان کے حوالے سے یوم۔تشکر کے طور پر منائیں  گے۔

اجلاس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔