معرکۂ حق دراصل حق و باطل کی مسلسل جدوجہد کا تسلسل ہے، کیپٹن (ر) صفدر

11

ہری پور، 06 مئی (اے پی پی): رہنما مسلم لیگ(ن)  کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے معرکۂ حق کی مناسبت سے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شہداء، غازیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان ہمیشہ سے حق کی خاطر جدوجہد کے لیے تیار رہی ہیں۔ انہوں نے معرکۂ حق کو ایک تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیاد تاریخ اسلام سے جڑی ہوئی ہے اور یہ جذبہ کربلا سے لے کر آج تک جاری ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ 1948 میں افواجِ پاکستان سری نگر تک پہنچیں جبکہ 1965 کی جنگ میں بھی دشمن کو بھرپور جواب دیا گیا۔  انہوں نے کہا کہ 1971 کی جنگ ایک سازش کا نتیجہ تھی تاہم اس کے باوجود دشمن پاکستان سے کوئی بڑا علاقہ حاصل نہ کر سکا۔

انہوں نے کہا کہ سیاچن گلیشیئر پر بھی افواجِ پاکستان طویل عرصے سے مشکل ترین حالات میں دفاع کر رہی ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی پاک فوج نے ملک کے کونے کونے میں کامیاب کارروائیاں کیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ معرکۂ حق میں دشمن نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن اللہ کے فضل سے اس کا غرور خاک میں ملا دیا گیا اور دنیا پر واضح کر دیا گیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس وقت اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور اگر مستقبل میں کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا مزید سخت جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے وطن کے دفاع کے لیے قربانی کی قسم اٹھا رکھی ہے اور وہ اس پر ثابت قدم ہیں۔