پی این سی اے میں بنیان مرصوص کے عنوان سے میڈیا ورکشاپ کا انعقاد

6

اسلام آباد، 07 مئی  (اے پی پی ):  پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس  نے ’’البنیان مرصوص‘‘ کے عنوان سے میڈیا ورکشاپ 2026 منعقد کی، جو معرکۂ حق کی ایک سالہ تکمیلی سرگرمیوں کا اہم حصہ تھی۔ ورکشاپ کا مقصد میڈیا کے مثبت، ذمہ دارانہ اور پیشہ ورانہ کردار کو اجاگر کرنا، قومی بیانیے کو مضبوط بنانا اور نوجوان نسل کو جدید میڈیا رجحانات اور تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا تھا۔

ورکشاپ میں ممتاز میڈیا ماہرین، سینئر صحافیوں، طلبہ، نوجوان میڈیا پروفیشنلز اور شعبۂ ابلاغ عامہ سے وابستہ شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔ اس دوران صحافت، میڈیا پروڈکشن، ڈیجیٹل میڈیا، قومی بیانیہ سازی اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ سے متعلق اہم موضوعات پر تفصیلی سیشنز کا اہتمام کیا گیا۔

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی قومی شناخت، قومی سلامتی، اتحاد اور مسلح افواج کی بے مثال قربانیوں کو اُجاگر کرنا میڈیا کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ ذمہ دارانہ میڈیا نہ صرف قومی بیانیے کو تقویت دیتا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی، پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر نے کہا کہ نوجوانوں کو ذمہ دار صحافت، حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور قومی اقدار کے فروغ میں متحرک کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام نوجوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور قومی شعور میں اضافے کا باعث بنتے ہیں۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محمد ایوب جمالی نے کہا کہ میڈیا قومی بیانیہ سازی میں بنیادی ستون کی حیثیت رکھتا ہے اور آج کے دور میں ذمہ دار صحافت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کی فنی تربیت، قومی ثقافت کے فروغ اور مثبت قومی بیانیے کی مضبوطی کے لیے مستقبل میں مزید تعمیری پروگرامز جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

تقریب کے اختتام پر فرح ناز اکبر اور محمد ایوب جمالی نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں اور ورکشاپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔