ضلعی انتظامیہ کاتاجر برادری کو صفائی مہم میں شامل کرنے کا آغاز

6

ملتان، 07 مئی (اے پی پی): شہرِ اولیاء میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور مثالی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے تاجر برادری کو صفائی مہم میں شامل کرنے کا آغاز کر دیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے ممتاز آباد مارکیٹ کا دورہ کیا جہاں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ذوالفقار احمد کے ہمراہ تاجروں میں ڈسٹ بن تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر صفائی آگاہی ریلی بھی نکالی گئی جس میں تاجر برادری، سینٹری ورکرز، سول سوسائٹی اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے عملے نے بھرپور شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی مرحلے میں حکومت پنجاب کی جانب سے تاجروں کو مفت ڈسٹ بن فراہم کئے جا رہے ہیں جبکہ تمام تاجر تنظیموں کو کوڑا کرکٹ کیلئے ڈسٹ بن رکھنے کا پابند بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر دکاندار اپنی دکان کے سامنے ڈسٹ بن رکھے گا جبکہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ کولیکشن کا عمل باقاعدگی سے یقینی بنایا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی  ذوالفقار احمد نے کہا کہ تاجروں اور سول سوسائٹی کے تعاون کے بغیر صفائی کے نظام کو مثالی بنانا ممکن نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس کمیونٹی نے بہتر ویسٹ کولیکشن اور صفائی کے نظام کیلئے اپنے اخراجات سے مزید ڈسٹ بن نصب کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے صفائی مہم میں بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تمام بازاروں میں ڈسٹ بن نصب کئے جائیں گے تاکہ شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔