کوئٹہ، 07 مئی (اے پی پی) : بلوچستان عوامی پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر میں معرکہ حق کا جشن بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے اور پاک افواج کا یہ عظیم معرکہ تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں لکھا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رکن اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پاکستان نے جس جرات اور بہادری سے دشمن کے غرور کو خاک میں ملایا وہ اپنی مثال آپ ہے اور اس موقع پر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی دلیرانہ قیادت کے ساتھ ساتھ ڈی جی آئی ایس پی آر کو بھی خراج تحسین پیش کرتی ہوں، فرح عظیم شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جنگیں صرف میدانِ تک محدود نہیں رہیں بلکہ اب بیانیے کی جنگ بھی ساتھ ساتھ چل رہی ہے جس میں ہمیں متحد ہونا ہوگا، انہوں نے کہا کہ معرکہ حق کے جشن کی مناسبت سے کلچر ڈیپارٹمنٹ اور ایمان پاکستان کے تعاون سے تقریری اور گلوکاری کے مقابلوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن کا آغاز 19 مئی سے ہوگا اور اختتام 24 مئی کو ہوگا، ان مقابلوں کا مقصد نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا ہے جس میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات سے نوازا جائے گا، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی سرزمین پر بسنے والے محب وطن لوگ اپنی مٹی سے بے پناہ محبت کرتے ہیں اور وہ ملک کی ترقی و دفاع کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہیں گے۔











