ملتان، 08 مئی )اے پی پی): سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کے زیرِ اہتمام آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر خصوصی افراد کی جانب سے نواں شہر چوک سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری و سابق ایم این اے شیخ طارق رشید نے کی، جبکہ خصوصی افراد، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے پاک فوج اور پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے افواجِ پاکستان سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے معرکۂ حق میں دشمن کو مؤثر جواب دے کر آپریشن “بنیان المرصوص” میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ملکی سلامتی اور خودمختاری کیلئے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
صدر سوسائٹی فار سپیشل پرسنز زاہدہ حمید قریشی نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا اور آج اسی کامیابی کی یاد میں یہ ریلی منعقد کی گئی ہے۔ شیخ طارق رشید نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد بھی وطنِ عزیز کے دفاع، ترقی اور استحکام کیلئے اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ریلی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اقبال ساہو، آصف اقبال، رانا عارف، عارف انور، ہاشم رشید اور دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔











