معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر باب ہے؛سینیٹر روبینہ خالد

11

اسلام آباد،08 مئی(اے پی پی): چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم اور قابلِ فخر باب ہے جس نے قوم کو اتحاد، یکجہتی اور قومی وقار کا پیغام دیا۔

معرکۂ حق کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وطن کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت قومی اتحاد، باہمی احترام اور مشترکہ شناخت میں مضمر ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ تمام اختلافات سے بالاتر ہو کر قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی یہ ایک باعثِ فخر لمحہ ہے اور پاکستانی قوم ہمیشہ اپنے ملک کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مثبت سوچ، اتحاد اور محبت کے پیغام کو فروغ دیا جائے تاکہ پاکستان مزید ترقی اور استحکام کی جانب بڑھ سکے۔