اسلام آباد،8مئی(اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایران میں پاکستان کے نامزد سفیر عمران احمد صدیقی کو ہدایت کی ہے کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کام کریں، تجارت، عوامی روابط اور ایران جانے والے پاکستانی زائرین کی سہولت پر خصوصی توجہ دی جائے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری سے عمران احمد صدیقی نے ملاقات کی ہے۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ۔ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، جو مشترکہ تاریخ، ثقافتی قربت اور طویل مشترکہ سرحد پر مبنی ہیں۔انہوں نے جائز سرحدی تجارت اور رابطہ کاری کو آسان بنانے، دوطرفہ تجارت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور تجارتی حجم میں اضافے کے لیے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ ایران میں سول سوسائٹی، طلبہ اور مقامی قیادت کے ساتھ فعال روابط استوار کریں اور پاکستانی تارکینِ وطن، طلبہ اور کاروباری برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر قونصلر رسائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ایران کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن اور استحکام کے لیے ایران کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پُرعزم ہے ۔انہوں نے عمران احمد صدیقی کو بطور سفیر نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔











