اسلام آباد: آئی بی سی سی  میں معرکۂ حق کی تقریب،قومی قیادت سمیت افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین

9

اسلام آباد، 9 مئی ( اے پی پی): انٹر بورڈز کوآرڈینیشن کمیشن (آئی بی سی سی) اسلام آباد میں معرکۂ حق کی کامیابی کے حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ادارے کے تمام افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ تقریب میں تقاریر کی گئیں، قومی جذبے کا اظہار کیا گیا، اور ملک کی ترقی و سربلندی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی بی سی سی ڈاکٹر غلام علی ملاح، نے کہا کہ دفاع اور سفارتکاری کے میدان میں پاکستان کو عالمی سطح پر جو عزت و وقار حاصل ہوا ہے، وہ ہماری عسکری اور سیاسی قیادت کی بہترین حکمت عملی، عزم اور بصیرت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان اور قومی قیادت کو ملک کی سلامتی، وقار اور قومی مفادات کے تحفظ پر بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔

ڈاکٹر ملاح نے کہا کہ قومی کامیابیاں ہم سب کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ہمیں زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھا کر پاکستان کو مزید مضبوط اور باوقار بنانا ہوگا۔ انہوں نے بالخصوص طلبہ پر زور دیا کہ وہ محنت کے ساتھ ذہانت، جدت اور بہترین حکمت عملی کے ذریعے علمی و عملی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کریں تاکہ ملک کا نام روشن ہو۔

 شرکاء نے پُرجوش انداز میں “پاکستان ہمیشہ زندہ باد”کے نعرے لگا کر اپنی حب الوطنی، قومی یکجہتی اور ملک کی ترقی کے عزم کا اظہار کیا۔