معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر  لودھراں میں شہدائے وطن کو بھرپور خراجِ عقیدت

11

لودھراں, 09 مئی )اے پی پی )معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص کی فتح کو ایک سال مکمل ہونے پر شہدائے وطن کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس سلسلے میں ضلعی پولیس، پاک فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہداء کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی گئی اور پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔تقریب کے دوران پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہداء کی قبروں پر سلامی پیش کی جبکہ پولیس افسران اور اہلکاروں نے شہداء کے درجات کی بلندی، ملکی سلامتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ترجمان پولیس کے مطابق شہدائے وطن کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور قوم ان عظیم سپوتوں کی قربانیوں پر فخر کرتی ہے۔اس موقع پر ڈی پی او کیپٹن(ر) علی بن طارق نے کہا کہ معرکۂ حق میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا کر پاکستان نے خطے میں اپنی عسکری برتری ثابت کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ڈی پی او نے مزید کہا کہ پوری قوم، تمام قومی ادارے اور عوام افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں جبکہ شہدائے وطن کی قربانیاں ہمیشہ قوم کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی۔