گلگت بلتستان: معرکہ حق کی فتح کا ایک سال مکمل، پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد

12

گلگت، 10 مئی ( اے پی پی): معرکہ حق میں تاریخی فتح کا ایک سال مکمل ہونے پر گلگت بلتستان میں تقریبات کا سلسلہ جاری ہےاس سلسلے میں گلگت میں معرکہ حق پولو ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔

گلگت کے وہاب شہید پولو گراؤنڈ میں فائنل مقابلہ این ایل آئی اور جی بی اسکاؤٹس کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ سنسنی خیز مقابلے میں این ایل آئی کی ٹیم نے جی بی اسکاؤٹس کو ہرا کر ٹرافی جیت لی۔

این ایل آئی کی ٹیم نے 7 گول اسکور کر کے کامیابی حاصل کی جبکہ جی بی اسکاؤٹس کی ٹیم نے 6 گول اسکور کیے۔ وہاب شہید پولو گراؤنڈ میں موجود شائقین کا جوش و خروش دیدنی تھا جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔

معرکہ حق پولو ٹورنامنٹ کے اختتام پر فاتح اور رنراپ ٹیموں میں انعامات تقسیم کیے گئے اور کھلاڑیوں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی گئی-