اسلام آباد، 10 مئی ( اے پی پی): ملک بھر کی مساجد میں معرکہ حق کی تاریخی فتح، شہداء کے ایصالِ ثواب اور ملکی سلامتی کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
علما کرام نے شہداء کے درجات کی سربلندی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کیں۔ اس موقع پر علما کرام کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے دوران پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی۔
علما کرام نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی ہماری قومی یکجہتی، غیر متزلزل عزم اور افواجِ پاکستان کی بے مثال پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا روشن مظہر ہے۔ ہم اپنے شہداء کی عظیم قربانیوں، غازیوں کی جرأت اور قوم کے پختہ حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جن کی بدولت حق اور وطن کا پرچم سربلند رہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے عزم، اتحاد اور حب الوطنی کی ایک درخشاں مثال بن کر ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔











