اسلام آباد،11 مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیف سٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور خصوصی اجلاس کی صدارت کی۔
وزیر داخلہ نے اسلام آباد سیف سٹی کو “کیپٹل سمارٹ سٹی” میں بدلنے کے پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور ہیڈکوارٹرز کی تزئین و آرائش و اپگریڈیشن ورک کا معائنہ کیا۔ انہیں فیوژن سنٹر اور جدید کنٹرول روم کے قیام پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کنٹرول روم کو جدید تقاضوں اور ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنایا جائے اور سیف سٹی فیز ٹو کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹی میں تمام متعلقہ اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے گا اور یہ منصوبہ اسلام آباد کے شہریوں کو محفوظ اور پر سکون ماحول فراہم کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیف سٹی منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے، تمام ضروری آلات فراہم کر دیے گئے ہیں اور ان کی تنصیب کا عمل جاری ہے۔ ڈیجیٹل سسٹم کو 30 مئی تک آپریشنل کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی، ڈی جی سیف سٹی ہارون جوئیہ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











