معرکہ حق کے شہداء اور مسلح افواج کی صلاحیتوں کو خراج تحسین، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے، صدر مملکت

8

اسلام آباد، 11 مئی (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کہا ہے کہ مشکل جغرافیائی و علاقائی صورتحال، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور سپلائی چین متاثر ہونے کے باوجود عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

صدر مملکت نے مہنگائی کے دباؤ میں کمی، اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے ممکنہ اقدامات کی ہدایت کی۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، افغانستان سے متعلق امور اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران معرکہ حق کے شہداء اور پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور قومی دفاع پر غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم بھی موجود تھے۔