اسلام آباد ،11مئی(اے پی پی) قومی اسمبلی نے 10 مئی 2025 کو بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی بے مثال پیشہ ورانہ مہارت، چوکسی اور فیصلہ کن جواب کو قومی فخر کے ساتھ یاد کیا۔ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشن “بنیان مرصوص” پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے قراددا پیش کی ۔ جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔ ایوان نے کہا کہ 22 اپریل 2025 کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلگام میں دہشت گرد واقعے کے بعد بھارتی حکومت اور اس کی سرکاری میڈیا نے بغیر کسی ثبوت یا تحقیقات کے فوری طور پر پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی کی مہم چلائی۔ حکومت پاکستان نے واقعے کی شدید مذمت کی اور وزیراعظم کی جانب سے غیر جانبدار، شفاف اور قابل اعتبار تحقیقات میں شرکت کی مخلصانہ پیشکش کے باوجود بھارت نے 6 مئی 2025 کو پاکستان پر بلااشتعال فضائی حملہ کیا، جس میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ایوان نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہا، جنہوں نے 10 مئی 2025 کو آپریشن “بنیان مرصوص” شروع کر کے جارحیت کا بھرپور جواب دیا۔ پاکستان ایئر فورس کی بہادری اور آپریشنل برتری کو خراج تحسین پیش کیا گیا، جس نے بھارتی فضائیہ کے متعدد طیارے مار گرائے، جن میں بھارتی فضائیہ کے فخر سمجھے جانے والے رافیل جیٹ بھی شامل ہیں۔ ایوان نے میدان جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ہر افسر، سپاہی، ائیر مین اور سیلر کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کو سراہا۔ جوابی کارروائی میں پاک فوج نے بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر، فضائیہ اور ایوی ایشن بیسز کو نشانہ بنایا، جن میں ڈرون لانچنگ کی سہولیات بھی شامل تھیں جن سے پاکستان میں میزائل داغے گئے اور معصوم شہری شہید ہوئے۔ پاکستان ایئر فورس کے جے ایف-17 تھنڈر جیٹ نے بھارت کا 1.7 ارب ڈالر کا سب سے جدید ایس-400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کیا۔ اے پی پی /صائمہ/ نورین











