نیویارک،11 مئی(اے پی پی ): اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کثیرالجہتی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور اقوام متحدہ کے منشور کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیویارک میں پاکستان کے مستقل مشن کا دورہ کرنے والے امریکی آرمی وار کالج کے 40 رکنی وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
سفیر عاصم افتخار احمد نے وفد کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی فعال شمولیت اور عالمی سفارت کاری میں اس کے کردار سے آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کے وسیع خدوخال پر روشنی ڈالتے ہوئے علاقائی اور عالمی معاملات پر پاکستان کے مؤقف کی وضاحت کی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کو امن و سلامتی، انسانی حقوق اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ایک ناگزیر پلیٹ فارم قرار دیا۔
مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کو مزید جمہوری اور شفاف بنانے کا حامی ہے، تاہم نئے مستقل اراکین کے اضافے کے خلاف ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی امن مشنز اور انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی خدمات کو بھی اجاگر کیا۔
سفیر عاصم نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاع، تجارت اور عوامی روابط سمیت وسیع البنیاد تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے انسانی حقوق پر اثرات اور عالمی سطح پر اس سے متعلق ابھرتے ہوئے چیلنجز کا بھی ذکر کیا۔
امریکی آرمی وار کالج کے وفد نے، جس کی قیادت کرنل اسٹیفن والٹرز کر رہے تھے، بریفنگ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔











