وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ، پولیس تربیت جدید خطوط پر استوار کرنیکی ہدایات

8

اسلام آباد ،12 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل پولیس اکیڈمی کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔محسن نقوی نے اکیڈمی میں زیر تعمیر کثیر منزلہ ہاسٹل کے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور ہاسٹل میں قائم ماڈل روم کا بھی معائنہ کیا، ماڈل روم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔

انہوں نے ایلیٹ پولیس ٹریننگ اسکول کے منصوبے 31 مئی تک مکمل کرنے کا ٹاسک دیا اور کہا کہ رواں برس سے افسران کی ایلیٹ ٹریننگ صوبوں کی بجائے این پی اے میں کرائی جائے گی۔

وزیر داخلہ نے اکیڈمی میں سولر سسٹم کی تنصیب اور موجودہ عمارت کی تزئین و آرائش کے لیے ہدایات جاری کیں۔

آئی ٹی سہولیات سے آراستہ جدید ٹریننگ کے لیے تین نئے کلاس رومز بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے ڈرون، نائٹ ویژن اور جدید اسلحہ کے ذریعے تربیت دینے کی ہدایت دی اور کہا کہ پروموشنل کورسز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے اور سروس ڈلیوری پر فوکس کیا جائے۔

محسن نقوی نے این پی اے میں ڈرائیونگ اسکول کے قیام کی ہدایت بھی کی، جہاں افسران کو جدید ڈرائیونگ اور کار چیز کی تربیت دی جائے گی۔ تفتیشی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے کرائم سین رومز کے قیام اور اکیڈمی میں پیڈل ٹینس کورٹس بنانے کی ہدایت کی گئی۔

وزیر داخلہ نے سپورٹس کمپلیکس، جم اور سوئمنگ پول کا بھی معائنہ کیا اور سپورٹس کمپلیکس کو جدید بنیادوں پر اپگریڈ کرنے کے احکامات دیے۔

کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی سعد اختر بھروانہ نے وفاقی وزیر داخلہ کو منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔