ماہانہ ترقیاتی اپڈیٹ معاشی اور ترقیاتی معلومات کی فراہمی کا اہم حوالہ بن گیا ہے، احسن اقبال

5

اسلام آباد،13مئی(اے پی پی):  وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزارتِ منصوبہ بندی کی ماہانہ ترقیاتی رپورٹ کے اجرا کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہانہ ترقیاتی اپڈیٹ نے معاشی اور ترقیاتی امور سے متعلق معلومات کی فراہمی میں ایک اہم حوالہ کی حیثیت اختیار کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران معیشت کے مختلف شعبوں میں بہتری کے آثار دیکھنے میں آئے ہیں جن میں صنعت، ترسیلاتِ زر، محصولات اور برآمدات کے شعبے شامل ہیں۔ احسن اقبال کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ مختلف صنعتی شعبوں نے مثبت کارکردگی دکھائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے باعث مالیاتی اور بیرونی شعبے میں استحکام برقرار رکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ترسیلاتِ زر اور محصولات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ خدمات کے شعبے کی برآمدات میں بھی بہتری دیکھی گئی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت معیشت کو مزید مستحکم بنانے، برآمدات کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور نجی شعبے کے باہمی تعاون سے معاشی سرگرمیوں کو مزید فروغ دیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور پائیدار استحکام کے لیے برآمدات میں اضافہ اور نئی اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ اہمیت رکھتا ہے، جبکہ حکومت مختلف شعبوں میں ترقی کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔