اسلام آباد،14 مئی ( اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرصدارت ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا گیا۔وزیراعظم نے کہا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے بشمول نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور عوامی سہولیات کی بہتری ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ کی وجہ سے زرعی زمین پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے لئے مناسب حکمت عملی کی ضرورت ہے۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے گا تاکہ شفافیت کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں بیرون ملک سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے، اس سیکٹر کو ضابطہ کار کے تحت لانا ضروری ہے۔اجلاس کو ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ بریفنگ میں کہا گیا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں شفافیت لانے کے حوالے سے معتبر سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ریگیولیٹری فریم ورک سہل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اور ڈیولپمنٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لئے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن لازمی قرار دی جانی چاہئے۔
اس کے علاوہ شہروں کے بے ترتیب پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے ہدایت کی گئی کہ بڑے شہروں میں اونچی عمارتوں اور ورٹیکل ایکسپینشن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ بڑے شہروں کے لئے ماسٹر ٹاؤن پلاننگ کی تجویز ڈویلپرز، خریداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے حقوق کی تحفظ کے حوالے سے ون ونڈو سسٹم قائم کیا جانا چاہئے۔
وزیراعظم نے تجویز کی کہ اس حوالے سے صوبوں کے ساتھ مشاورت کی جائے۔











