اسلام آباد، 14 مئی(اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے چمڑا صنعت کے وفد نے اہم مشاورتی ملاقات کی، جس میں برآمدات میں اضافے، صنعتی شعبے کو درپیش امور اور اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر تجارت نے برآمدی صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے، کاروباری ماحول کو بہتر بنانے اور صنعتی شعبے کے مسائل کے مؤثر حل کے لیے عملی اقدامات آگے بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی چمڑا صنعت میں عالمی منڈی میں مزید بہتر مقام حاصل کرنے اور برآمدات بڑھانے کی نمایاں صلاحیت موجود ہے۔
ملاقات کے دوران چمڑا صنعت کے وفد نے ون ونڈو ٹیکس نظام، آسان کاروباری فریم ورک، خام مال پر ڈیوٹیز میں مناسب سہولت، ٹیکس ریلیف اور فنانسنگ تک بہتر رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے کاروباری عمل کو مزید مؤثر اور سہل بنانے، ریگولیٹری طریقہ کار میں آسانی اور برآمدی صنعت کے لیے بہتر مارکیٹ رسائی کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔
جام کمال خان نے نجی شعبے کے ساتھ مسلسل مشاورت اور برآمدی صنعتوں کی ترقی کے لیے عملی اصلاحات جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ حکومت کاروباری برادری کے مسائل کے حل اور ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے پُرعزم ہے۔
مشاورتی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان کی چمڑا صنعت ملکی برآمدات میں اضافے اور صنعتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ حکومت اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر تعاون سے اس شعبے کی استعداد کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔











