وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک اے تاجکستان کے سفیر کی ملاقات

7

اسلام آباد، 14 مئی(اے پی پی):پاکستان میں تاجکستان کے سفیر، یوسف شریف زادہ نے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق ملک سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران موسمیاتی تبدیلی، پانی، ماحولیات، جنگلی حیات کے تحفظ اور علاقائی روابط کے شعبوں میں باہمی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں بالخصوص تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں منعقد ہونے والی “پانی برائے پائیدار ترقی (2018–2028) ” کے عنوان سے چوتھی اعلیٰ سطحی بین الاقوامی کانفرنس پر گفتگو کی گئی، جس میں ڈاکٹر مصدق ملک وزیرِ اعظم پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

 تاجک سفیر یوسف شریف زادہ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان جغرافیائی اور ماحولیاتی اعتبار سے کئی مماثلتیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک میں تقریباً 13 ہزار گلیشیئرز موجود ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی اور وقت گزرنے کے باعث دونوں ممالک تقریباً ایک ہزار گلیشیئرز کھو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلیشیئرز کے پگھلاؤ اور موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔

سفیر تاجکستان نے مزید کہا کہ مارخور، برفانی چیتے، آئی بیکس اور مختلف ہجرت کرنے والے پرندوں سمیت کئی محفوظ جنگلی انواع دونوں ممالک میں پائی جاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تاجکستان نے ان انواع کے تحفظ کے لیے خصوصی محفوظ وادیاں اور زونز قائم کیے ہیں۔ انہوں نے جنگلی حیات اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کے لیے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مشترکہ تعاون بڑھانے اور اس حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ توانائی، پانی اور موسمیاتی تبدیلی ایک دوسرے سے جڑے ہوئے شعبے ہیں اور ان سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے موسمیاتی مزاحمت، آبی وسائل کے انتظام، جنگلی حیات کے تحفظ اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تاجکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ایک ایسے علاقائی کوریڈور کے قیام میں بھی دلچسپی ظاہر کی جو موسمیاتی تعاون، جنگلی حیات کے تحفظ اور دوطرفہ تجارت و علاقائی روابط کو فروغ دے سکے۔

ملاقات کے دوران سفیر یوسف شریف زادہ نے موسمیاتی اور آبی انتظام کے حوالے سے علاقائی موسمیاتی پیٹرنز سے فائدہ اٹھانے اور جدید ماحولیاتی طریقہ کار کے امکانات پر بھی گفتگو کی۔

سفیر تاجکستان نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے عوام مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور سرحدوں کے باوجود دونوں اقوام ایک دوسرے کے قریب ہیں۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کو سراہتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔