وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی اے پی بی یو ایم اے کے وفد سے ملاقات

10

اسلام آباد، 15 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے اے پی بی یو ایم اے کے  وفد نے  ملاقات کی ہے،دورانِ ملاقات جام کمال خان نے ہوم ٹیکسٹائل برآمدات بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

وفاقی وزیر نے پاکستانی ہوم ٹیکسٹائل کمپنیوں کی لاس اینجلس نمائش میں شرکت سمیت حکومتی سہولت کی یقین دہانی کرائی۔

جام کمال خان نے امریکہ میں سفارتی حکام کو اے پی بی یو ایم اے کی معاونت کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی برآمدکنندگان کیلئے نئی عالمی منڈیوں تک رسائی حکومت کی ترجیح ہے- ان کا کہنا تھا کہ عالمی نمائشوں میں شرکت سے پاکستان کی برانڈنگ اور برآمدات میں اضافہ ہوگا-اے پی بی یو ایم اے نے پاکستان میں عالمی ٹیکسٹائل نمائشوں کے انعقاد کی تجویز دی۔

جام کمال نے کہا کہ ایس ایم ایز کیلئے مالی سہولتوں کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں،اسٹیٹ بینک اور ایکزم بینک برآمدی صنعت کے مالی مسائل کے حل پر کام کر رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر نے ہوم ٹیکسٹائل برآمدکنندگان کے یارن بیگز سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ، انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدی صنعت کی رکاوٹیں دور کرکے عالمی تجارت میں پاکستان کا مقام مضبوط کرے گی۔جام کمال خان نے نجی شعبے کی برآمدات بڑھانے کی کوششوں کو سراہا۔