لاہور15 مئی ( اے پی پی ):ٹی ایل سی انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ اینڈ الائیڈ ہیلتھ سائنسز لاہور کے زیر اہتمام انٹرنیشنل نرسز ڈے، مدرز ڈے اور ”معرکۂ حق“ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق تارڑ تھیں جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں سابق ایم پی اے فرح دیبا، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر سید توصیف شاہ، صدر کلچرل ونگ طاہر انجم، معروف گلوکارہ شیزا جہاں، پی ٹی وی کے سینئر نیوز ایڈیٹر شکیل ملک، انچارج اے پی پی اردو سروس محمد عبداللہ اور وفاقی وزیر کے پی ایس او شہباز طالب شامل تھے۔ نرسنگ اسٹاف کی نمائندگی چیف سپرنٹنڈنٹ جناح ہسپتال طاہرہ جبین، میڈم سیما، میڈم یسرہ اور میڈم کرن نے کی، جبکہ ٹی ایل سی انسٹیٹیوٹ کے بانی جمیل ملک، ڈاکٹر صبا عامر، ڈاکٹر ثمینہ سائمی اور ڈاکٹر ارم یوسف نے بھی خصوصی شرکت کی۔
تقریب کی مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کی والدہ محترمہ ساجدہ فاروق صاحبہ نے تقریب میں خصوصی شرکت کرتے ہوئے نرسنگ اسٹاف، طلبہ و طالبات اور فیکلٹی ممبران کی خدمات اور محنت کو سراہا۔
انہوں نے کامیاب طلبہ میں ایوارڈز، میڈلز اور شیلڈز تقسیم کئے اور اپنے خطاب میں “معرکۂ حق” کی جدوجہد، اس کے پس منظر اور اس میں عطا اللہ تارڑ صاحب کی محنت اور کردار کا خصوصی ذکر کیا۔ انہوں نے ماں کی عظمت، قربانی اور معاشرے میں اس کے بنیادی مقام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ماں کا کردار ہر کامیابی کی بنیاد ہے۔
اس موقع پر انہوں نے ڈاکٹر ثانیہ کھیڑا کو بھی خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے نہایت عمدہ انداز میں اس پروقار اور تاریخی تقریب کا انعقاد کر کے نرسنگ شعبے کی عزت و توقیر میں اضافہ کیا ہے۔ میڈم طاہرہ جبین نے اپنے خطاب میں نرسز کی خدمات، قربانی اور صحت کے شعبے میں ان کے بنیادی کردار پر روشنی ڈالی اور کہا کہ نرسز کسی بھی قوم کے صحت نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہیں۔
تقریب میں ڈاکٹر ثانیہ کھیڑا سی ای او ٹی ایل سی نے اپنے خطاب میں تمام مہمانانِ گرامی اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نرسنگ شعبہ انسانیت کی خدمت کا سب سے عظیم ذریعہ ہے، اور اس دن کا مقصد نرسز کی محنت، خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔
پروگرام میں طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے تقاریر، ٹیبلوز اور مختلف پرفارمنسز پیش کیں۔ “معرکۂ حق” کے حوالے سے ایک خصوصی ٹیبلو پیش کیا گیا، جبکہ CMW طلبہ نے نرسنگ کے موضوع پر شاندار ٹیبلو پیش کیا۔ اسی طرح BSN طلبہ نے ماں کی عظمت اور احترام کے موضوع پر ایک متاثر کن خاکہ پیش کیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔
تقریب کے دوران “معرکۂ حق” کے حوالے سے ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی چلائی گئی، جسے حاضرین نے بھرپور دلچسپی سے دیکھا۔ “معرکۂ حق” کی پہلی سالگرہ کو جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا اور اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات میں اعلیٰ کارکردگی پر میڈلز، اسناد اور اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں تاکہ نوجوان نسل کو محنت، لگن اور پیشہ ورانہ ترقی کی جانب مزید راغب کیا جا سکے۔مذکورہ تقریب گھر فاؤنڈیشن کے خصوصی تعاون سے منعقد کی گئی۔











