اسلام آباد،16 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری سے میجر جنرل مجدی ہلال کی قیادت میں مصر کی وزارت داخلہ کے وفد کی ملاقات ہوئی ہے،ملاقات میں دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ملاقات میں سکیورٹی، انسداد دہشتگردی، انسداد منشیات، سائبر کرائم اور سیف سٹی کے شعبوں میں اشتراک کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ نیشنل پولیس اکیڈمی اور مصر کی پولیس اکیڈمی کے درمیان افسران کی مشترکہ ٹریننگ کے لیے تعاون بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مصری وفد کا دورہ دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
اس موقع پر موجود وزیرِ مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ دہشتگردی، انسداد منشیات اور داخلی سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
مصری وفد نے کہا کہ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔











