اسلام آباد، 18 مئی (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لئے ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس پیر کو منعقد ہوا۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگایا جائے گا جن کے نتائج یقینی ہوں۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں جبکہ پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔
وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور مارکیٹ میں ان کی پذیرائی پر وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی تعریف کی۔اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ریلوے، آئی ٹی اور وزارتِ پاور کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے۔
اجلاس کو رواں برس کے پی ایس ڈی پی پر پیش رفت اور آئندہ برس کے مجوزہ ترقیاتی منصوبوں اور ان کیلئے درکار فنڈز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو قومی نوعیت کے پانی ذخیرہ اور پن بجلی منصوبوں بشمول داسو ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، رانا تنویر حسین، شزہ فاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، سردار اویس خان لغاری، عبدالعلیم خان، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔











