پاکستان اور چین نے تعلیم، ٹیوٹ ، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تعلیم اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے، وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی پریس کانفرنس

4

اسلام آباد، 18مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین نے تعلیم، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ (ٹیوٹ )، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تعلیم اور صنعتی تعاون کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ پیر کو وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی چین کے دورے سے واپسی پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے 13 سے 18 مئی 2026 تک عوامی جمہوریہ چین کا اہم دورہ کیا ۔وفد میں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)  کی چیئرپرسن گل مینہ بلال سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ دورے کا آغاز 2026 ورلڈ ڈیجیٹل ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت سے ہوا جہاں ’’آرٹیفیشل انٹیلی جنس پلس ایجوکیشن‘‘ کے موضوع پر عالمی ڈیجیٹل تعلیمی تبدیلی کے تناظر میں پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران پاکستانی وفد نے چین کے نائب وزیر تعلیم اور دیگر اعلیٰ حکام سے تفصیلی مشاورتی اجلاس کئے جن میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی حکام نے وزیراعظم پاکستان کے متوقع دورہ چین سے قبل مشترکہ تعلیمی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دینے، پاکستان کو ورلڈ ڈیجیٹل ایجوکیشن الائنس میں شامل ہونے کی دعوت دینے اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس سے الگ ڈیجیٹل چینی زبان کورس پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجاویز پیش کیں۔ چینی فریق نے پاکستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس انوویشن ہبز کے قیام، مصنوعی ذہانت، سرحد پار ای کامرس اور سمارٹ کول مائننگ میں سہ فریقی تعاون جبکہ پاکستان کو انٹرنیشنل چائنیز ایجوکیشن کمیونٹی اور چین کے نیشنل سمارٹ ایجوکیشن پلیٹ فارم میں شامل کرنے کی بھی تجویز دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی وفد نے چین پاکستان ٹی وی ای ٹی انڈسٹریل سینٹر آف ایکسیلینس (سی پی ٹی آئی سی ای) کی کارکردگی رپورٹ پیش کی جسے چینی حکام نے سراہا۔ دونوں ممالک نے اس امر کا بھی جائزہ لیا کہ اس وقت 38 ہزار 478 پاکستانی طلبہ چینی جامعات میں زیر تعلیم ہیں جن کی اکثریت میڈیکل پروگرامز میں داخل ہے۔ فریقین نے انفارمیشن ٹیکنالوجی، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائنس اور انجینئرنگ کے شعبوں میں پاکستانی طلبہ کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چین کے دورے کے دوران صوبہ آنہوئی میں بھی وفد نے جامع تعلیمی و صنعتی تعاون پروگرام میں شرکت کی۔ 13 مئی کوآنہوئی پراونشل ڈیپارٹمنٹ آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام چین پاکستان انڈسٹری-ایجوکیشن کوآپریشن سمپوزیم منعقد ہوا جس میں جنوری 2026 کے دورے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے تعاون کے فریم ورک کو واضح کیا گیا۔

اجلاس میں سمارٹ مینوفیکچرنگ، نئی توانائی، مصنوعی ذہانت اور روایتی چینی طب میں ’’چینی زبان پلس ووکیشنل سکلز‘‘ تعاون کو فروغ دینے، اوورسیز برانچ کیمپسز اور سکلز سینٹرز کے قیام، تعلیمی اسناد کے باہمی اعتراف اور مشترکہ معیارات کی تیاری پر اتفاق کیا گیا۔ اس تعاون کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت قومی سطح کے ماڈل منصوبے کے طور پر فروغ دینے کی تجویز بھی دی گئی۔ چین کے دورے میں وفد نے ہیفئی ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج اور آنہوئی آٹوموٹیو ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل کالج کا بھی دورہ کیا جہاں ’’2+2‘‘ اور ’’3+1‘‘ مشترکہ تربیتی پروگرامز، فیکلٹی ایکسچینج، نئی توانائی گاڑیوں اور انٹیلی جنٹ کنیکٹڈ وہیکلز کے شعبوں میں مشترکہ صنعتی ادارے قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ان منصوبوں کے آغاز کے لئے ستمبر 2026 کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اسی دوران چین پاکستان ٹی وی ای ٹی انڈسٹریل سینٹر آف ایکسیلینس اور چین میں پاکستانی سفارتخانے کے اشتراک سے آئی سی ٹی و ٹیلی کام سے متعلق ٹی وی ای ٹی سمپوزیم بھی منعقد ہوا جس میں چینی اداروں اور کمپنیوں نے ڈیجیٹل سکلز، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی منتقلی اور صنعتی ضروریات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ سمپوزیم کے دوران چھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے جن کا تعلق بین الاقوامی فنی تربیت، پیشہ وارانہ تعلیم، زبان و ثقافتی تعاون اور ٹیکنیکل سرٹیفیکیشن سے ہے۔ مزید برآں چین پاکستان میٹرولوجیکل سروس پروموشن بیس، چین پاکستان ایگریکلچرل سپیشل انٹرنیشنل چائنیز ایجوکیشن بیس اور پیری ورکشاپ کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا گیاجس کی تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر نے شرکت کی۔

اعلامیہ کے مطابق پاکستان-چین آئی سی ٹی و ٹیلی کام بی ٹو بی انویسٹمنٹ کانفرنس 24 مئی 2026 کو ہانگژو میں وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین کے موقع پر منعقد ہوگی جبکہ جولائی 2026 میں پاکستان میں روایتی چینی طب سے متعلق کانفرنس میں آنہوئی وفد شرکت کرے گا۔ وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آنہوئی اور پاکستان کے درمیان تعلیمی تعاون کو دونوں ممالک کے باضابطہ تعلیمی عملدرآمد منصوبے کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ چیئرپرسن نیوٹیک گل مینہ بلال نے مصنوعی ذہانت اور سمارٹ مینوفیکچرنگ میں عملی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا۔