کراچی،20 مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے پاکستان کوسٹ گارڈز کی 46ویں ریکروٹ بیچ کی پاسنگ آؤٹ تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔
تقریب میں پہنچنے پر ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز میجر جنرل جواد ریاض ہلال امتیاز (ملٹری) نے وزیر مملکت کا استقبال کیا۔پاس آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے طلال چودھری نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ملک کی ایک اہم اور باوقار فورس ہے۔ انہوں نے منشیات اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف کوسٹ گارڈز کی کارروائیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ پاکستان کوسٹ گارڈز نے ایک سال میں 1.14 ارب ڈالر مالیت کی منشیات پکڑیں۔ اس دوران 3.8 ارب روپے کی غیر قانونی اشیاء ضبط کی گئیں جبکہ 4.94 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کرائے گئے۔
طلال چودھری نے کہا کہ جیوانی کے ساحل سے 1100 غیر قانونی تارکین وطن گرفتار کیے گئے، جو انسانی سمگلنگ کے خلاف فورس کی مؤثر کارروائیوں کا ثبوت ہے۔
تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔ فرہاد انور اور محمد محسن خان کو مجموعی کارکردگی پر، جبکہ لیڈی ریکروٹ عروج بی کو نمایاں کارکردگی پر خصوصی میڈل سے نوازا گیا۔آخر میں پاس آؤٹ ریکروٹس نے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔











