اسلام آباد، 20 مئی (اے پی پی ): نجکاری کمیشن کے بورڈ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری سے متعلق امور پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں نجکاری کے ابتدائی مرحلے سے متعلق مختلف انتظامی، مالی اور قانونی معاملات پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی گئی۔
بورڈ کو بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت درکار مختلف شرائط پوری کرنے کے لیے کام جاری ہے، جن میں ضابطہ جاتی تقاضے، مالی معاملات اور دیگر ضروری اقدامات شامل ہیں۔ اس موقع پر بورڈ نے اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور نجکاری کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے کے لیے ضروری منظوریوں کی حمایت کی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ نجکاری کے عمل کو شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ قومی اداروں کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے، سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ ملے اور معاشی اصلاحات کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ ادارے مختلف فنی اور انتظامی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے کام کر رہے ہیں تاکہ نجکاری کے عمل کو طے شدہ طریقۂ کار کے مطابق آگے بڑھایا جا سکے۔











